ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو:سرکاری اکاونٹ سے 55کروڑ روپے غبن ۔ بینک منیجر روپوش

منگلورو:سرکاری اکاونٹ سے 55کروڑ روپے غبن ۔ بینک منیجر روپوش

Wed, 01 Nov 2017 13:17:40    S.O. News Service

منگلورویکم نومبر (ایس او نیوز)ایک سرکاری محکمے کرناٹکا رورل انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ لمیٹیڈ(KRIDL)کے بینک اکاونٹ سے 55کروڑ روپے غیر قانونی طور پر جعلسازی کے ذریعے دوسرے اکاونٹس میں ٹرانسفر کرنے اور حکومت کے مذکورہ محکمے کو چونا لگانے کا واقعہ انڈین اوورسیز بینک کے کُولائی برانچ میں پیش آیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ KRIDL کی طرف سے اگست کے مہینے میں 20اور 35کروڑ روپے فکسڈ ڈپازٹ کے طور پر انڈین اوور سیز بینک کی کولائی شاخ میں جمع کروائے گئے تھے۔لیکن KRIDLکے نام پر ایک نقلی کھاتہ کھول کر یہ رقم غبن کی گئی ہے ۔اس دھوکہ دہی کا پتہ اس وقت چلا جب کچھ دن پہلے وجیا بینک بنگلورو کورامنگلا شاخ میں شاہ ایکسپورٹرس کے اکاونٹ میں KRIDLکے اکاونٹ سے 50لاکھ روپے ٹرانسفر ہوگئے ۔ اس بات سے وجیا بینک کے افسران کو کچھ شبہ ہوا کیونکہ شاہ ایکسپورٹر کا اکاونٹ ایک عرصے سے صفر بیلنس پر ٹکا ہوا تھا۔انہوں نے KRIDLکے افسران کو اس کی اطلاع کردی۔

اس دھوکہ دہی کی اطلاع ملنے پر KRIDLکے اعلیٰ افسران پر مشتمل ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے منگلورو پہنچ کر بینک منیجرسارین مدھو سدھن سے ملاقات کرکے اپنے اکاونٹ میں جمع کردہ رقم اور اس میں سے دوسروں کے اکاونٹس میں رقم ٹرانسفرکرنے کے سلسلے میں جانچ پڑتا ل کی تو بتایا جاتا ہے کہ منیجر مبہم اور غیر تشفی بخش جوابات دئے اورKRIDLکے افسران نے بینک منیجر کومحکمے کی پوری رقم سود سمیت واپس لوٹانے کے لئے کہا۔جب 24اکتوبر کو محکمے کے افسران نے دوبارہ بینک سے رابطہ قائم کیاتو پتہ چلاکہ منیجر بیماری کی وجہ بتاکر چھٹی پر چلا گیا ہے۔

KRIDLکی جانب سے سورتکل پولیس اسٹیشن میں منیجر مدھو سدھن اور ریجینل افیسر سینتھل کمار کے خلاف کیس درج کروانے کے بعد پولیس نے اوور سیز بینک کی کولائی برانچ پہنچ کر اکاونٹ کی تفصیلات معلوم کیں اور تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ نقلی کمپنیوں کے نام پر رقم ٹرانسفر کرنے کے معاملے میں KRIDL سے متعلقہ افراد کا ہاتھ ہونے کا بھی شبہ کیا جارہا ہے اور اس ضمن میں بھی تفتیش ہورہی ہے۔البتہ انڈین اوور سیز بینک کی طرف سے ابھی تک پولیس میں شکایت درج نہ کروانے پر لوگ حیرت کا اظہار کررہے ہیں۔
 


Share: